ممبئی،30؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ممبئی شہر میں ہوئی بھاری بارش کے بعد بمبئی ہسپتال کے جانے مانے ڈاکٹر دیپک امراپرکر ایلفنسٹن روڈ اسٹیشن کے قریب سے لاپتہ ہو گئے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ 58سال کے امراپرکر منگل کی شام کواپنی گاڑی سے گھر کے لئے نکلے تھے لیکن سڑک پر پانی بھرے ہونے کی وجہ سے اپنے ڈرائیور سے انہیں ایلفسٹن روڈ اسٹیشن کے قریب چھوڑ دینے کو کہا اور پھر وہ پیدل اپنے گھر کی طرف بڑھنے لگے۔
سرکاری افسر نے کہا کہ جب ڈاکٹر اپنے گھر کی طرف چل رہے تھے تو وہ غائب ہو گئے،پھر بھاری بارش ہوئی۔دادر ڈویژن کے اے سی پی سنیل دیشمکھ نے کہا کہ کچھ عینی شاہدین کے مطابق امراپرکر ایک گڑھے میں گر گئے اور پولیس نے وہاں پاس سے ان کی چھتری برآمد کی۔انہوں نے بتایا کہ اس گڑھے کو گھیر لیا گیا ہے اور دمکل اہلکاروں اور بی ایم سی کے عملے کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی گمشدگی کے لئے ایک کیس رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔منگل کو دن بھر شہر میں موسلادھار بارش ہوتی رہی۔شہر میں 298ملی میٹر بارش ہوئی جو 1997کے بعد سے اگست کے ایک دن میں سب سے زیادہ بارش ہے۔